شہباز شریف سیاسی محاذ پر خاموشی سے متحرک ہو گئے

اے این پی اور پیپلز پارٹی کو پی ڈی ایم میں واپس لانے کی منصوبہ بندی کر لی، اپوزیشن کو حکومت کیخلاف جلد میدان میں لانے کا امکان
لاہور (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 20 مئی 2021) شہباز شریف سیاسی محاذ پر خاموشی سے متحرک، اے این پی اور پیپلز پارٹی کو پی ڈی ایم میں واپس لانے کی منصوبہ بندی کر لی، اپوزیشن کو حکومت کیخلاف جلد میدان میں لانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سیاسی محاذ پر خاموشی سے متحرک ہو گئے، شہباز شریف اے این پی اور پیپلز پارٹی کو پی ڈی ایم میں واپس لانے اوراپوزیشن جماعتوں کو حکومت کے خلاف میدان میں لانے کے لیے سرگرم ہو گئے۔
ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف کے چارہ سدہ کے دورے میںبیگم نسیم ولی کی وفات پر اے این پی کی قیادت سے اظہار تعزیت کے ساتھ اس کی پی ڈی ایم میں واپسی کے لئے کاوشوں کی منصوبہ بندی بھی کی گئی ۔شہباز شریف پی ڈی ایم کے آئندہ سربراہی اجلاس سے قبل اے این پی کے گلے شکوے ختم کرنے کے لئے پر امید ہیں۔
واضح رہے کہ اے این پی اور پیپلز پارٹی کے پی ڈی ایم میں دوبارہ واپسی کے حوالے سے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سیکرٹری اطلاعات حافظ حمد اللّٰہ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور اے این پی کو ایک اور موقع فراہم کریں گے۔

ایک بیان میں حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ عید کے بعد پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس بلایا جائے گا، پاکستان میں سیاسی اور معاشی حوالے سے عدم استحکام ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اے این پی کو ایک اور موقع دیں گے۔حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اے این پی کو کہیں گے کہ اپنے فیصلوں پر نظرثانی کریں۔اس سے قبل ایک اجلاس میں پی ڈی ایم کے سربراہ اور جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان نے پیپلز پارٹی کی جانب سے رابطوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اتحاد سے علیحدہ ہونے والوں کو نظرثانی کا کہا اس پر اب بھی قائم ہیں ،پیپلز پارٹی اپنی غلطی کو تسلیم کر کے اتحاد میں واپس آ سکتی ہے۔

Sharing is caring!

Categories

Comments are closed.