بھارت میں پھیلے ٹرپل میوٹینٹ کورونا کے پاکستان پہنچنے کا ثبوت نہیں ملا.ڈاکٹر فیصل سلطان

پاکستان آنے والے مسافروں کی سخت نگرانی کر رہے ہیں، فضائی راستے سے پاکستان آنے والے مسافروں کی تعداد اسی فیصد تک کم کردی ہے .وزیراعظم کے مشیر صحت
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 17 مئی ۔2021ء) وزیراعظم عمران خان کے مشیر صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ بھارت میں پھیلے ٹرپل میوٹینٹ کورونا کے پاکستان پہنچنے کا ثبوت نہیں ملا انہوں نے کہا کہ پاکستان آنے والے مسافروں کی سخت نگرانی کر رہے ہیں، فضائی راستے سے پاکستان آنے والے مسافروں کی تعداد اسی فیصد تک کم کردی ہے، پاکستان آنے سے پہلے اور پاکستان پہنچنے پر کورونا کا پی سی آر ٹیسٹ لازمی قرار دیا ہے.
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ تھائی لینڈ نے پاکستان سے انڈین ویرئینٹ اپنے ملک پہنچنے کا تاحال کوئی ثبوت نہیں دیا، برطانیہ اور خلیجی ممالک سے آنے والے مسافروں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ کورونا کا ٹیسٹ پازیٹو آنے پر مسافروں کو قرنطینہ کیا جارہا ہے. ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر رانا صفدر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں لگائی جانے والی ایسٹرازینیکا ویکسین انڈین ویرئینٹ کے خلاف بھی موثر ہے، پاکستان میں ابھی تک انڈین ویرئینٹ پہنچنے کے کوئی شواہد نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ انڈین ویرئینٹ دنیا کے پچاس ممالک میں پھیل چکا ہے.
دوسری جانب عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 74 اموات اور 3 ہزار 232 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 19 ہزار 617 تک پہنچ گئی جب کہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 80 ہزار 362 ہو گئی ہے. گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8 فیصد ریکارڈ کی گئی ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 68 ہزار 223 ہے اور 7 لاکھ 92 ہزار 522 افراد کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں.
کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 9 ہزار 411 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار 801، خیبرپختونخوا 3 ہزار 786، اسلام آباد 731، گلگت بلتستان 107، بلوچستان میں 267 اور آزاد کشمیر میں 514 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں. اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 79 ہزار 221، خیبرپختونخوا ایک لاکھ 27 ہزار 38، پنجاب 3 لاکھ 27 ہزار 362، سندھ 2 لاکھ 99 ہزار 194، بلوچستان 23 ہزار 866، آزاد کشمیر 18 ہزار 258 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 423 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں.

Sharing is caring!

Categories

Comments are closed.