غیرمحتاط حرکتوں سے آپ کی سیاست زندہ نہیں ہوگی صرف کورونا پھیلے گا

بھارتی سیاستدانوں نے ایس او پیز کی دھجیاں اڑائیں، یہی رویہ مریم نواز کا ہے، فواد چوہدری
ہر حرکت پر ڈنڈا ہی نہیں علاج ہوتا بطور شہری اور سیاسی لیڈر بھی کچھ ذمہ داریاں ہیں، احساس اور ذمہ داری قیادت کے بنیادی اصول ہیں لیکن ن لیگ کی قیادرت دونوں سے محروم نظر آتی ہے، ایسی اوچھی اور غیرمحتاط حرکتوں سے آپ کی سیاست زندہ نہیں ہوگی صرف کورونا پھیلے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا ٹویٹ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 مئی 2021ء ) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی سیاستدانوں نے ایس او پیز کی دھجیاں اڑائیں، یہی رویہ مریم نواز کا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان میں لوگ سڑکوں پر بے آسرا پڑے ہیں تو اس لئے کہ ہسپتالوں میں جگہ نہیں اور آکسیجن بیڈز ختم ہو چکے ہیں، اس حالت میں پہنچنے کی بڑی وجہ وہاں کے سیاستدانوں کا غیر ذمہ دارانہ رویہ تھا جہاں اتر پردیش الیکشن مہم میں کورونا ایس او پیز کی دھجیاں اڑا دی گئیں یہاں اب یہی رویہ مریم نواز کا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ کورونا پر سیاست نہیں کرنا چاہتے لیکن ن لیگ کی لیڈرشپ اپنے ہمسایہ دوستوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کورونا ایس او پیز کی دھجیاں اڑائے تو اس کی بھرپور مذمت کرنا فرض ہے، اللہ نے ہمیں احتیاط کے باعث محفوظ رکھا ہے لیکن ایسی اوچھی اور غیرمحتاط حرکتوں سے آپ کی سیاست زندہ نہیں ہوگی صرف کورونا پھیلے گا۔
وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ہر حرکت پر ڈنڈا ہی نہیں علاج ہوتا بلکہ بطور شہری اور سیاسی لیڈر بھی کچھ ذمہ داریاں ہیں، اگر سیاسی رہنما اپنی ذات سے آگے نہیں سوچ سکتے تو انہیں قیادت کا دعویٰ نہیں کرنا چاہئے، احساس اور ذمہ داری قیادت کے بنیادی اصول ہیں لیکن ن لیگ کی قیادرت دونوں سے محروم نظر آتی ہے۔
دوسری طرف مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی شیخوپورہ آمد کے موقع پر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جلوس نکالنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا، سابق وزیر اعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کی شیخوپورہ آمد پر کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرایا گیا ، کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جلوس نکالنے اور عوامی اجتماع کرنے پر درج مقدمے میں مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کے بیٹے میاں حسن جاوید، دو بھائیوں امجد لطیف اور منور لطیف کو نامزد کیا گیا ہے ، اس کے ساتھ ساتھ مقدمے میں ن لیگ کے ضلعی صد منور اقبال، ملک پرویز اقبال، شیخ محمد یعقوب اور عظیم جاوید کے علاوہ سینکڑوں ن لیگی کارکنوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

Sharing is caring!

Categories

Comments are closed.