سول ایوی ایشن اتھارٹی کا پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے نیا سفری ہدایت نامہ جاری

تمام مسافروں کا 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ لازمی کردیا گیا، ایئرپورٹس پرمسافروں کا ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ ہوگا، مسافر اپنے خرچ پر قرنطینہ میں رہیں گے۔ ہدایت نامہ کا متن
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم مئی2021ء) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے نیا سفری ہدایت نا مہ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت تمام مسافروں کا 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ لازمی کردیا گیا، ایئرپورٹس پرمسافروں کا ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ ہوگا، مسافر اپنے خرچ پر قرنطینہ میں رہیں گے۔ تفصیلت کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹرائرٹرانسپورٹ نے نیا سفری ہدایت نا مہ جاری کر دیا ہے۔
جس کے تحت بیرون ملک سے پاکستان آنیوالے تمام مسافروں کا 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ لازمی قراردیا گیا ہے۔ پاکستان کے تمام بین الاقوامی ایئرپورٹس پر تمام مسافروں کا ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ ہوگا۔ ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ کی رپورٹ 20 منٹ کے اندر حاصل ہوگی۔ ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے پر مسافر کو اپنے خرچے پر قرنطینہ کیا جائے گا۔
8 دن بعد دوبارہ ٹیسٹ ہوگا منفی آنے پر گھر جانے کی اجازت ہوگی۔

بتایا گیا ہے کہ نئی ٹریول ایڈوائزری این سی او سی کے فیصلوں کے تناظر میں جاری کی گئی۔ کیٹگری سی ممالک سے مسافروں کی آمد پر سفری پابندیاں 5 مئی سے تاحکم ثانی نافذالعمل رہیں گی۔ اسی طرح کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظرسی اےاے کیٹگری اے اور بی ختم کردی گئی ہے۔ تاہم سی کیٹگری ممالک سے آمد کی اجازت این سی او سی کے این او سی سے مشروط قرار دیا گیا ہے۔
کیٹگری سی میں جنوبی افریقہ، برازیل، زمبابوے اور بھارت سمیت 23 ممالک شامل ہوں گے۔ واضح رہے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 696 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 146 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 5 ہزار 544 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح ساڑھے 9 اعشاریہ 63 فیصد ہو گئی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار 957 ہو گئی ہے جبکہ کل مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 25 ہزار 519 ہو چکی ہے۔24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 48 ہزار 740 ٹیسٹ کیئے گئے، اب تک کل 1 کروڑ 18 لاکھ 36 ہزار 866 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔ ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کل 90 ہزار 553 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 5 ہزار 490 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، 7 لاکھ 17 ہزار 9 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

Sharing is caring!

Categories

Comments are closed.