نواز شریف کے اثاثے نیلام کرنے کے عدالتی فیصلے پر ن لیگ کا ردعمل

قائد ن لیگ کے اثاثے نیلام کرنے کا عدالتی فیصلہ غیر قانونی ہے ، احتساب عدالت راولپنڈی کے فیصلے کو اعلیٰ عدلیہ میں چیلنج کیا جائے گا ، ن لیگی رہنماء رانا ثناء اللہ کی گفتگو
لاہور ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 اپریل 2021ء ) سابق وزیر اعظم نواز شریف کے اثاثے نیلام کرنے کے عدالتی فیصلے پر ن لیگ کا ردعمل آگیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے نوازشریف کے اثاثوں کی نیلامی کے عدالتی فیصلے کو قانون کے خلاف قرار دیتے ہوئے اس کی مخالفت کردی گئی ، ن لیگی رہنماء رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ احتساب عدالت راولپنڈی کے فیصلے کو اعلیٰ عدلیہ میں چیلنج کیا جائے گا ، نوازشریف کے اثاثے نیلام کرنے کا عدالتی فیصلہ غیر قانونی ہے ، جاتی امرا اراضی کے ریکارڈ کو بھی جعل سازی سے بدلہ گیا۔
خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں مسلم لیگ ن کے قائد اشتہاری ملزم نوازشریف کی جائیداد نیلام کرنے کی درخواست احتساب عدالت میں دائر کی گئی ، جس کو منظور کرتے ہوئے عدالت کی جانب سے نواز شریف کی جائیداد نیلام کرنے کا حکم دے دیا گیا ، عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ جس جس جائیداد پر اعتراض نہیں آیا نیلام کی جا سکے گی ، نوازشریف کی جہاں جہاں جائیداد ہے، متعلقہ صوبائی حکومت نیلام کرسکے گی ، ڈپٹی کمشنر لاہور اور شیخوپورہ 60 دن میں رپورٹ پیش کریں ، جائیدادیں نیلام کر کے رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے ، نوازشریف کی گاڑیاں بھی 30دن کے اندر نیلام کی جائیں ، پولیس کی مدد سے گاڑیاں قبضے میں لیکر بیچی جائیں ، جب کہ نواز شریف کے بینک اکاؤنٹس سے رقوم سرکاری خزانے میں منتقل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی جائیداد کی مالیت اربوں روپے ہے ، جب کہ نواز شریف اگست 2020ء سے اشتہاری قراردیئے جا چکے ہیں ، اس لیے قائد ن لیگ کی جائیدادیں فروخت کرنے کی اجازت طلب کی گئی ، جن میں اتفاق فاؤنڈری، حدیبیہ پیپر ،بخش ٹیکسٹائل مل اورحدیبیہ انجینئرنگ شیئرز جائیداد میں شامل ہیں ، اس کے علاوہ سابق وزیر اعظم کی لاہور اپرمال کی جائیداد اور زرعی اراضی بھی فروخت کی جائے گی ، 110ایکڑفش فام اورلاہورکےپوش علاقےمیں 20ایکڑاراضی بھی فروخت ہوگی ، جب کہ مری کابنگلہ ، شانگلہ گلی کا گھر، شیخوپورہ میں 2 قیمتی جائیدادیں بھی فروخت کی جائیں گی، نوازشریف کےنام پر5 قیمتی گاڑیاں نیلام کی جائیں گی جب کہ نوازشریف کے3 فارن اور5پاکستانی اکاؤنٹ میں موجودرقم قومی خزانےمیں منتقل کی جائےگی۔

Sharing is caring!

Categories

Comments are closed.