’ن لیگ کو اب شہباز شریف لیڈ کریں گے ، مریم صرف سیاسی پریشر کیلئے آیا کریں گی‘

مریم نواز کی وجہ سے بہت سے لوگ ناراض تھے اور سیاسی حالات کی وجہ سے پریشان بھی تھے کہ آگے ان کی جماعت کا کیا بنے گا ، شہباز شریف کے آنے سے مسلم لیگ ن کی اندرونی ٹوٹ پھوٹ ختم ہوجائے گی ، سینئر صحافی صابر شاکر کا تجزیہ
اسلام آباد ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 اپریل 2021ء ) پاکستان مسلم لیگ ن میں اب شہباز شریف لیڈ کیا کریں گے جب کہ مریم نواز صرف ضرورت پڑنے پر سیاسی پریشر کے لیے سامنے آیا کریں گی ، ان خیالات کا اظہار سینئر صحافی و تجزیہ کار صابر شاکر نے کیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف خاندان میں ایک انڈرسٹینڈنگ ہوچکی ہے جس کے تحت اب ن لیگ کو شہباز شریف ہی لیڈ کریں گے ، پھر جب کبھی سیاسی پریشر کے لیے ضرورت محسوس ہوا کرے گی تو صرف اس وقت مریم نواز میدان میں آیا کریں گی اور دو چار ڈوز دے کر چلی جایا کریں گی۔
صابر شاکر نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی رہائی کا مسلم لیگ ن کے لیے بطور جماعت بہت اچھا اثر پڑے گا اور شہباز شریف کے آنے سے مسلم لیگ ن کی اندرونی ٹوٹ پھوٹ ختم ہوجائے گی ، کیوں کہ اس سے پہلے ن لیگ میں کافی کنفیوژن پائی جاتی تھی اور مریم نواز کی وجہ سے بہت سے لوگ ناراض تھے اور سیاسی حالات کی وجہ سے پریشان بھی تھے کہ آگے ان کی جماعت کا کیا بنے گا۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو ضمانت ملنے پر جیل سے رہا کردیا گیا ، لاہور ہائیکورٹ سے شہباز شریف کی ضمانت کے آرڈر جاری ہونے کے بعد ان کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے ضمانتی مچلکے احتساب عدالت نمبر 2 میں جمع کروائے ، جس میں ن لیگی رہنما ملک سیف الملوک کھوکھر اور چوہدری محمد نواز شہباز شریف کے ضمانتی ہیں ، عدالت کی جانب سے شہباز شریف کی جانب سے جمع کروائے گئے مچلکوں کا جائزہ لینے کے بعد ان کی رہائی کی روبکار جاری کی گئی ، شہباز شریف کی روبکار پر احتساب عدالت کے جج شیخ سجاد احمد نے دستخط کیے ، روبکار جیل حکام کو موصول ہونے کے بعد شہبازشریف کو رہا کر دیا گیا ۔

Sharing is caring!

Categories

Comments are closed.