روشن ڈیجیٹل اکاوَنٹ سے موصول ہونے والے فنڈز ایک ارب ڈالرسے بڑھ گئے ، وزیراعظم

مثبت ردعمل پر بیرون ملک مقیم اپنے پاکستانیوں کامشکور ہوں ، اہم سنگ میل حاصل کرنے پر بینکوں کی کاوشوں کو بھی سراہتا ہوں ، عمران خان کا ٹویٹ
اسلام آباد ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 اپریل 2021ء ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاوَنٹ کے ذریعے موصول ہونے والے فنڈز ایک ارب ڈالرسے بڑھ گئے ، مثبت ردعمل پر بیرون ملک مقیم اپنے پاکستانیوں کا مشکور ہوں۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے بتایا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے بیرون ملک سے پاکستان آنے والے فنڈز ایک بلین ڈالر کو عبور کرچکے ہیں ، جس پر میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جب کہ اہم سنگ میل حاصل کرنے پر بینکوں کی کاوشوں کو بھی سراہتا ہوں۔
بتایا گیا ہے کہ 97 ممالک میں 87 ہزار 833 پاکستانیوں نے اکاؤنٹس کھولے ، جس کے بعد سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں پیسے بھیجے کا سلسلہ جاری ہے، جس میں شروع کے صرف 6 ہفتوں میں ہی 243 ملین ڈالر ملک میں آگئے تھے اور یہ فنڈز اب ایک ارب ڈالرسے بڑھ گئے ہیں ، اس حوالے سے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ اگر اوورسیز پاکستانی پیسے بھیجنا بند کر دیں تو ملکی معیشت نہیں چل پائے گی ، دوہری شہریت والے اوورسیز پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کا حق دینے کا دفاع کیا ، اوورسیز پاکستانی ملک کی معیشت کو چلانے کیلئے بڑا کردار ادا کرتے ہیں ، اگر بیرون ممالک مقیم پاکستانی پیسے بھیجنے چھوڑ دیں، تو ملک کی معیشت ہی نہیں چل پائے گی ، اوورسیز پاکستانی بھی پاکستان کیلئے بہت زیادہ درد رکھتے ہیں فکر کرتے ہیں، اس لیے دہری شہریت والے بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کا حق ملنا چاہیئے، الیکشن جیتنے کی صورت میں وہ حلف اٹھانے سے قبل دہری شہریت چھوڑ سکتے ہیں ۔
ملک کی معیشت میں بہتری کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ معیشت میں بہتری کے واضح آثار ہیں، گزشتہ دسمبرکے دوران ملک میں بڑے پیمانے کی صنعت کی شرح نمومیں پچھلے سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 11.4فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، رواں مالی سال کے دوران یہ دوسرا ماہ ہے جس میں بڑے درجے کی پیداواری صنعتوں کی شرح نمو10فیصد سے زائد رہی ، گزشتہ سال جولائی سے دسمبر کے دوران بڑے درجے کی صنعتوں کی پیداواری گنجائش میں اوسطاً 8 فیصد اضافہ ہوا ، صنعتی شعبہ اب پائیدار ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔

Sharing is caring!

Categories

Comments are closed.