ہم ایک سفیر نکالیں گے، وہ 27 سفیر یورپ سے نکال دیں گے

فرانس کے سفیر کو گھر بھیج دیں گے تو ہمارے لوگوں کو یقینا بہت دشواری ہو گی۔سینئر قانون دان اعتزاز احسن بھی وزیراعظم عمران خان کی سوچ کے حامی نکلے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 اپریل2021ء) سینئر قانون دان اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک والوں نے جو کیا غلط کیا۔اس کا انہیں احساس ہونا چاہیے، ہم ایک سفیر نکالیں گے وہ 27 سفیر یورپ سے نکال دیں گے۔امریکہ میں ایک پادری تھا جو گستاخی رسول ہر چار چھ مہینے میں کر دیتا تھا پھر عالم اسلام بالخصوص پاکستان میں ہم لوگ نکل آتے تھے اور جلاؤ گھیراؤ ہوتا تھا لیکن دوسری طرف پادری بیٹھ کر تماشہ دیکھتا تھا اور خوش ہوتا تھا۔
ہمیں اس بات کا احساس ہونا چاہیے کہ ہمیں اس سوچ کو شکست دینی ہے لیکن بہتر حکمت عملی کے ساتھ لبیک والوں کو کالعدم قرار دینے سے سوچ پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی۔اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ ان لوگوں کو سمجھانا ضروری ہے۔اس لئے میں نہیں سمجھتا کہ تحریک لبیک پر پابندی ہے تو اس سے کوئی بات نہ کی جائے۔
فرانس کے سفیر کو اگر بھیج دیں گے تو ہمارے لوگوں کو یقینا بہت دشواری ہو گی۔

خیال رہے کہ گذشتہ رات حکومت اور تحریک لبیک کے مابین مذاکرات کامیاب ہوئے۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان طویل مذاکرات کامیاب ہو گئے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ حکومتی وفد اور تحریک لبیک پاکستان کے رہنماؤں کے درمیان یہ بات طے پائی ہے کہ آج قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کی جائے گی اور تحریک لبیک لاہور میں اپنے مرکز مسجد رحمت العالمین سمیت ملک بھر سے دھرنے ختم کردے گی جب کہ بات چیت اور مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا اور جن لوگوں کےخلاف شیڈول فورتھ سمیت مقدمات درج ہیں ان کا اخراج بھی کردیا جائے گا۔
دوسری جانب 6 روز تک معطل رہنے کے بعد لاہور کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی ، ملتان روڈ کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی ہے ، اس کے علاوہ منصورہ ، علامہ اقبال ٹاوَن ، یتیم خانہ چوک پر بھی انٹرنیٹ سروس بحال ہوچکی ہے جب کہ مولانہ شوکت علی روڈ، جوہر ٹاوَن کے علاقوں میں بھی انٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی ہے۔

Sharing is caring!

Categories

Comments are closed.