فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے منظور شدہ ویکسین کی شرط عائد

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب کی وزارت صحت کی جانب سے رواں برس اندرون اور بیرون ملک فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے منظور شدہ ویکسین کی شرط عائد کر دی جو کہ ذوالحجہ سے قبل لگوانا ضروری ہوگا۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایسے وہ افراد جو رواں سال حج کی ادائیگی کے خواہشمند سعودی شہری یا غیر ملکی اقامہ ہولڈرز ہیں انہیں چاہیے کہ وہ ذوالحجہ سے قبل کورونا ویکسینیشن کا کورس مکمل کر لیں۔اسی طرح بیرون ممالک سے آنے والے عازمین کے لئے بھی لازمی ہوگا کہ وہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منظور شدہ کورونا ویکسین لگوائے جانے کا مصدقہ ثبوت پیش کریں گے اور حج سے دو ہفتے قبل کورونا ویکسین کا کورس مکمل کیا گیا ہو۔

سعودی وزارت صحت نے واضح کیا ہے کہ حج کے موقع پر عازمین حج کو انکی رہائش گاہوں سے مقررہ پروگرام اور احتیاطی تدابیر کے تحت نکالا جائے گا جن میں سماجی فاصلے کا اصول اور ماسک کی پابندی لازمی ہوگی۔عازمین حج کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ اپنی رہائش اور قیام گاہوں میں باہمی فاصلہ ایک سے ڈیرھ میٹرتک رکھیں۔ ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے عازمین کے مختلف گروپس مرتب کیے جائیں گے ہر گروپ 100 افراد سے زیادہ کا نہیں ہوگا۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ وزارت کی ٹیمیں مقررہ ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں۔

Sharing is caring!

Categories

Comments are closed.